27 اپریل 2016 - 04:44
ایران اور چین کی شام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے مذاکرات پر تاکید

شام کے امور میں چین کے خصوصی نمائندے شیہ شیائو یان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شیہ شیائو یان نے کہ جو حال ہی میں شام کے امور میں چین کے نمائندے مقرر ہوئے ہیں، اس بات پر زور دیا ہے کہ شام کا مسئلہ انتہائی پیچیدہ ہے اور اس بارے میں ایک سیاسی راہ حل تلاش کرنے کے لیے صبر کی پالیسی اختیار کرنے اور سیاسی مذاکرات کے نتائج کے بارے میں پرامید رہنے کی ضرورت ہے۔

شیہ شیائو یان نے شام کے مستقبل کے فیصلے، آئین کی تدوین اور صدر کے انتخاب کو شامی عوام کا حق قرار دیا اور کہا کہ کسی بھی غیرملکی طاقت کو ان مسائل میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے اور ہمیں شامی عوام کو خود فیصلہ کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں دہشت گرد گروہوں داعش اور جبہۃ النصرہ کے ساتھ شامی حکومت کے مخالف مسلح گروہوں کے گہرے اور قریبی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کو دوسرے مسلح گروہوں سے الگ کرنا ایک مشکل کام ہے۔

حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ شام کی حمایت کے بین الاقوامی گروپ کے اجلاس میں ہونے والے اتفاق رائے کے مطابق طے پایا ہے کہ سیاسی مذاکرات کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو بھی پوری سنجیدگی کے ساتھ جاری رکھا جائے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی سطح پر کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا جا رہا ہے۔

اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی راہ حل تلاش کرنے کے لیے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے شام میں دہشت گردی کا سنجیدہ مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

.......

/169